کاٹْنا [کاٹ + نا] (پراکرت)

پراکرت زبان سے ماخوذ مصدر ہے۔ اردو میں عربی رسم الخط کے ساتھ بطور مصدر اور گاہے اسم استعمال ہوتا ہے۔ سب سے پہلے 1564ء کو "دیوان حسن شوقی" میں مستعمل ملتا ہے۔

فعل  متعدی
  1. دھاردار آلے وغیرہ سے کسی شے کا کوئی جزو الگ کرنا، قطع کرنا، تراشنا، (قینچی وغیرہ سے) کترنا۔
 پہلے خسرو کا گلا فرہاد جا کر کاٹتا
بعد کوہ بے ستوں پر آ کے پتھر کاٹتا   ( 1919ء، درشہوار، 32 )
(آلے کے) ایک حصے کو دوسرے حصے سے الگ کرنا، جدا کرنا، دونیم کرنا۔
 تو کنار بحر کی وہ چٹان ہے جسے
تندو تیز موج درد کاٹتی چلی گئی   ( 1987ء، زندہ پانی سچا، 42 )
کسی مزاحم شے یا بھیڑ کو ادھر ادھر ہٹا کر راستہ پیدا کرنا، قطع مسافت کرنا۔
"کیکروں کے گنجان ذخیرہ کا موڑ کاٹتے ہی حد نظر تک پھیلا ہوا ایک چٹیل ویرانہ تھا۔"   ( 1970ء، کپاس کا پھول، 286 )
ذبح کرنا۔
"گائے کاٹنا جب قانوناً جرم ہے تو کیا ضروری ہے کہ اس جرم کا ارتکاب کیا جائے۔"   ( 1975ء، مہذب اللغات، 192:9 )
2. خوش وضع اور ہموار بنانے کے لیے غیر ضروری حصے کوچھانٹ دینا، چھٹائی کرنا، جیسے : بال کاٹنا، شاخ کی زرد پتیاں کاٹنا وغیرہ۔
 بناتا ہے خط گلچہرۂ یار یوں حجام
چمن کی گھاس کو جس طرح باغباں کاٹے     ( 1846ء، کلیاتِ آتش، 167 )
3. (کپڑا) بیوتنا، جیسے : قمیض کاٹنا، پاجامہ کاٹنا، تراشنا، قطع کرنا وغیرہ۔
"گرمیوں کی دوپہر میں کپڑوں کو کاٹنا، بیوتنا .... دو پلّی ٹوپیاں اور بٹوے سینا۔"     ( 1979ء، عورت اور اردو زبان، 95 )
4. ڈنگ مارنا، ڈسنا، (مجازاً) ایذا پہنچانا۔
"یہ گفتگو سن کر انھوں نے چلا کر کہا تھا کہ مخلوط انتخاب تم کو کاٹتا ہے?"     ( 1977ء، اقبال کی صحبت میں، 405 )
5. دانت گاڑنا، بھنبھوڑنا۔
"کتے کے لعاب میں ایک طرح کی سمیّت ہوتی ہے کہ جسے وہ کاٹتا ہے اس میں اثر کرتی ہے۔"     ( 1906ء، الحقوق و الفرائض، 111:1 )
6. سوزش، جلن، چرراہٹ، پیدا کرنا۔
 صفائی کیا کہوں تیغِ نگاہ چشم لیلٰی کی
دل مجنوں کو خاک پردۂ محمل سے کاٹے ہے     ( 1838ء، شاہ نصیر، چمنستان سخن، 186 )
7. کسی دوا یا زہر کا اپنی تیز تاثیر سے کسی اندرونی عضو کو کچکوک دینا، خراش ڈالنا۔
 ہمسر جو تجھ سے گل ہو تو اس کا جگر تمام
شبنم چمن میں دے ابھی ہیرا کھلا کے کاٹ     ( 1854ء، کلیات ظفر، 27:3 )
8. دور کرنا، دفع کرنا، زائل کرنا، تمام کرنا۔
"کوئی فرشتہ سمجھو، ہماری مصیبت کاٹنے آیا ہے۔"     ( 1969ء، افسانہ کر دیا، 198 )
9. بسر کرنا، گزارنا۔
 میری عادت اور اخلاص کی تعریفیں کیں
پیگ منگائے
.... اور میں دل میں سوچتا جاتا تھا
چکنی چپڑی باتیں کر کے
کاٹ رہی ہے     ( 1975ء، نظمانے، 94 )
10. بھگتنا، جھیلنا۔
"کتنے مجرم ہیں جو اس مدت کو کاٹ کر آزادی حاصل کرتے ہیں۔"     ( 1932ء، سیرۃ النبیۖ، 789 )
11. حق مارنا۔
 بے وجہ عاشقوں سے نہ منہ اے صنم چھپا
بے جرم و بے قصور نہ حقِ سپاہ کاٹ     ( 1846ء، کلیات آتش، 69 )
12. (راستے کو) طے کرنا، قطع مسافت کرنا۔
"کیکروں کے گنجان ذخیرہ کا موڑ کاٹتے ہی حد نظر تک پھیلا ہوا ایک چٹیل ویرانہ تھا۔"     ( 1973ء، کپاس کا پھول، 286 )
13. بیچ سے نکلنا یا گزرنا۔
"یہ تو اس کالی بلی کا غمزہ ہے جو صبح میرا راستہ کاٹ گئی تھی۔"     ( 1987ء، اک محشر خیال، 131 )
14. (پتنگ کی ڈور سے ڈور کو) گھسّا لگا کر الگ کرنا۔
"کہیں اچم ہے، کہیں ڈھیلیں چلنے لگیں، کسی نے کاٹا کوئی کٹ گیا۔"     ( 1943ء، دلی کی چند عجیب ہستیاں، 127 )
15. (آری وغیرہ سے لکڑی کو) چیرنا، پھاڑنا۔
(مہذب اللغات)
16. چکانا، نبٹانا، جھگڑا طے کرنا، فیصلہ کرنا۔
(ماخوذ : نوراللغات)
17. (سڑک وغیرہ بنانے کے لیے) پہاڑ یا جنگل کاٹ پیٹ کے ہموار کرنا۔
 تجھ سے نہ کٹ سکے گی شب ہجر کوہکن
ہاں جوئے شیر کے لیے تو کوہسار کاٹ     ( 1889ء، رونق سخن، 600 )
18. (ندی یا دریا وغیرہ میں سے) نہر یا نالی کے ذریعے بہتا ہوا پانی کسی طرف لے جانا۔
 ہے دل صد چاک میں اک بحر خوبی کا خیال
کربلا میں لائے ہیں ہم نہر دریا کاٹ کر     ( 1854ء، دیوان اسیر، 157:2 )
19. (کھیتی یا گھاس کو) کھیت کی زمین سے جدا کرنا یا نکالنا۔
"اپنا باجرا کاٹ کر بذریعہ گاڑی کھلیان میں پہنچاتے ہیں۔"   ( 1923ء، آئینہ سراغ رسانی، 37 )
پھل پانا، حاصل ہونا۔
"وہ سلطنت یا سلطنتیں جو .... نفاق کے بیج ڈال رہی ہیں تلخ عداوت، شدید خصومت کے ناگوار ثمرات کے علاوہ کچھ نہ کاٹیں گی۔"   ( 1918ء، مسئلہ شرقیہ، 5 )
20. (رقم) ضائع کرنا، کم کرنا۔
"اس نے پندرہ روپے کاٹ کر پانچ پانچ کے سترہ نوٹ ان کے حوالے کئے۔"     ( 1978ء، روشنی، 349 )
21. منسوخ کرنا، ترمیم کرنا، قلم پھیرنا۔
 کس طرح کاٹے مضامین کو ہمارا کلک فکر
آدمی پر ذبح ہونا شاق ہے اولاد کا     ( 1854ء، دیوان اسیر، 8:2 )
22. (کسی بات کے) بیچ میں بولنا، (گفتگو میں) دخل دینا۔
"ناصر : (الفاظ کاٹتے ہوئے) اس دن جو کچھ ہوا اسے بھول جائیے۔"     ( 1975ء، خاک نشین، 99 )
23. رد کرنا، توڑ کرنا، (دلیل سے) غلط ٹھہرانا۔
"اس نے اپنے بڑوں کی بات کو کاٹنا نہ چاہا اور محض خاموش رہ کر اپنا اختلاف ظاہر کیا۔"     ( 1935ء، عبرت نامۂ اندلس، 294 )
24. (رنگ کو) ہلکا کرنا، اتارنا، اڑانا۔
"جب کسی کپڑے کا رنگ کاٹنا ہو تو تیزاب کی دو بوندیں ڈال دو بڑی آسانی سے رنگ کٹ جائے گا۔"     ( 1975ء، مہذب اللغات، 192:9 )
25. (کسی جگہ وغیرہ کا) سنسنی پیدا کرنا، وحشت زدہ کرنا، سخت ناگوار گزرنا۔
"مجھے کمال غم ہوا اور وہ ملک بغیر اس کے کاٹنے لگا۔"     ( 1802ء، باغ و بہار، 191 )
26. سلسلہ توڑنا، منقطع کرنا، ختم یا فنا کرنا۔
"سلہٹ کو آسام سے کاٹ کر مشرقی پاکستان سے کیوں جوڑا جاتا۔"     ( 1971ء، جنگ، کراچی، 11 اکتوبر، 5 )
27. خجل یا شرمسار کرنا۔
 اے ترک ابروؤں سے رخ مہر و ماہ کاٹ
پرزے اڑا گلوں کے سر کج کلاہ کاٹ     ( 1861ء، کلیات اختر، 312 )
28. جسم میں چبھنا، ناگوار گزرنا۔
"جب گرمی سے جی گھبراتا یا بدن پر میل کاٹنے لگتا تو کسی پوکھر یا تالاب میں جا کر خوب تیرتا۔"     ( 1901ء، زلفی، 30 )
29. [ گنجفہ ]  بازی میں سے پتے اٹھانا، پتے چھانٹ کر دینا۔
"تم سے ہزار بار منع کیا کہ بیچ سے گڈی نہ کاٹا کرو مگر تم ادبدا کے بیچ ہی سے کاٹتے ہو۔"     ( 1975ء، مہذب اللغات، 193:9 )
30. مال اسباب میں سے کچھ نکال لینا۔
"نواب کی دولت کاٹ کاٹ کے گھر میں بھر لی۔"     ( 1899ء، امراؤ جان ادا، 99 )
31. پانی کا اندر ہی اندر (زمین وغیرہ کو) کھوکھلا کرنا، (مٹی وغیرہ کو) بہا دینا۔
"کنارے کی مٹی ایسی بھربھری ہے کہ ہمہ وقت دریا اس کو کاٹتا رہتا ہے۔"     ( 1899ء، رویائے صادقہ، 41 )
32. مالی نقصان پہنچانا، دھوکے سے کچھ اینٹھنا۔
 پیک کو کاٹنے کی خاطر سب
لگے کہنے پڑا ہوا یہ غضب     ( 1829ء، نظم رنگین، 21 )
33. ریل کے ڈبوں کو ٹرین سے جدا کرنا۔
"لکھنؤ سے بمبئی جانے والی گاڑی میں سے تھرڈ کلاس کا ڈبہ کاٹ کے دلی والی گاڑی میں لگا دیا جاتا ہے۔"     ( 1975ء، مہذب اللغات، 192:9 )
34. ناگوار گزرنا، کھلنا، بار ہونا، برا لگنا۔
"مفت کی رقم مل رہی ہے مشاعرے میں جا کر غزل پڑھنا ہے چلے کیوں نہیں جاتے کیا روپے آپ کو کاٹتے ہیں۔"     ( 1975ء، مہذب اللغات، 193:9 )
35. (نام وغیرہ کے ساتھ) منسوخ کرنا، رجسٹر سے خارج کرنا، قلمزد کرنا۔
"چھ برس سے ترکوں کی فوج بحری میں نوکر ہیں، برٹش گورنمنٹ نے ان کا نام کاٹ دیا۔"     ( 1880ء، فسانہ آزاد، 393:2 )
36. کیڑے کا کاغذ یا کپڑے کو کھانا۔
(ماخوذ، جامع اللغات، نوراللغات)
37. گھاؤ ڈالنا، زخم لگانا۔
"کون جانتا ہے کہ ایک بھونکتا ہوا کتا کب بھونکنا بند کر دے اور کاٹنا شروع کر دے۔"     ( 1939ء، پطرس کے مضامین، 50 )
فعل کی حالتیں
کاٹْنا [کاٹ +نا]،  کاٹْنے [کاٹ +نے] ،
کاٹْنی [کاٹ +نی]،  کاٹْتا [کاٹ +تا] ،
کاٹْتے [کاٹ +تے]،  کاٹْتی [کاٹ +تی] ،
کاٹْتِیں [کاٹ +تِیں]،  کاٹا [کا+ٹا] ،
کاٹے [کا+ٹے]،  کاٹی [کا+ٹی] ،
کاٹِیں [کا+ٹِیں]،  کاٹا [کا+ٹا] ،
کاٹے [کا+ٹے]،  کاٹیں [کا+ٹیں(یائے مجہول)] ،
کاٹُوں [کا+ٹُوں]،  کاٹ [کاٹ] ،
کاٹو [کا+ٹو(واؤ مجہول)]،  کاٹْیو [کاٹ+یو(واؤ مجہول)] ،
کاٹْیے [کاٹ+یے]

اسم  نکرہ (  مذکر - واحد  )
  1. کوسنا، کے ساتھ بطور تابع مستعمل۔
"یہ آئینہ میرے پاس ہے تو میں کوسنے کاٹنے کی کیا پروا کروں۔"     ( 1918ء، چٹکیاں اور گدگدیاں، 100 )

مترادفات  
ڈَسْنا        بَھنْبُھوڑْنا       
 
 
پچھلا  لفظکاٹریکاٹھْیا واراگلا لفظ
error-log-file = ..\lex_data\log\le\oudlelog2.txt lexdata-dir=..\lex_data\repository\le data\indices\ worddata-dir=..\lex_data\repository\le data\_words\ idiomdata-dir=..\lex_data\repository\le data\_idioms\ logging-mode=critical wordforms-file=wordforms.lex wordattrs-file=wordattrs.lex senselabels-file=senselabels.lex unicode-charset-file=unicharset.lex word-beginning-matrix-index-file=wordbegmatrixindex.lex word-beginning-list-index-file=wordbeglistindex.lex word-beginning-pls-file=wordbegpl.lex bigram-matrix-index-file=bigrammatrixindex.lex bigram-pls-file=bigrampl.lex word-ending-list-index-file=wordendlistindex.lex word-ending-pls-file=wordendpl.lex word-length-list-index-file=wordlenlistindex.lex word-length-pls-file=wordlenpl.lex unigram-list-index-file=unigramlistindex.lex unigram-pls-file=unigrampl.lex wordforms-hashtable-file=wordformshashtable.lex domains-file=domains.lex regions-file=regions.lex usages-file=regex.lex rootlangs-file=rootlangs.lex english-words-hashtable-file=englishformshashtable.lex english-to-urdu-mpl-file=englishurdumapping.lex english-stopwords-file=stopwords.lex normalization-rules-file=normrules.lex denormalization-rules-file=denormrules.lex sorting-rules-file=urduCodepage.txt urdualphabet-file=urdualphabet.lex